حیدرآباد: پولیس کو وقار آباد کے جنگلاتی علاقہ میں ملنے والی گولیوں کے میگزین کے ہتھیار کا پتہ چلانے میں ابھی تک کامیابی نہیں ملی ہے۔ وقار آباد کے یالال منڈل کے ادال پور جنگلاتی علاقہ میں بلٹ میگزین دستیاب ہوئی تھی۔ تانڈور رورل پولیس اسٹیشن کے حدود میں تین ہفتہ قبل یہ میگزین پولیس کو دستیاب ہوئی جس کے بعد سے اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ کس ہتھیار کے بلٹس ہیں۔ پولیس کو ہتھیار کے بارے میں پتہ نہیں چلا جس کے بعد بلٹ میگزین کو فارنسک ٹسٹ کے لئے روانہ کردیا گیا۔ فارنسک لیباریٹری رپورٹ کا ابھی انتظار ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بلٹ میگزین ہندوستان میں پائے جانے والی کسی ہتھیار کے دکھائی نہیں دیتے۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ یہ گولیاں کسی بیرونی ہتھیار کی ہیں۔ فارنسک رپورٹ ملنے کے بعد حقائق کا پتہ چلے گا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو 21 ڈسمبر کے دن بعض مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع ملی اور پٹرول پارٹی کے وہاں پہنچنے کے بعد موٹر سیکلوں پر بعض افراد کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ محکمہ جنگلات کی پٹرول ٹیم کو دیکھ کر وہ فرار ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر وینو مادھو نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ لوگ حیدرآباد سے جانوروں کے شکار کیلئے آئے تھے۔