تانیا نے سائپن انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا

   

سائپن (شمالی ماریانا جزائر)، 16اگست (یو این آئی) ہندوستانی شٹلر تانیا ہیمنت نے ہفتہ کو سائپن انٹرنیشنل 2025بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز کا خطاب جیت لیا۔ شمالی ماریانا جزائر کے اولی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے مقابلے میں بیڈمنٹن رینکنگ میں 86ویں نمبرپر اور ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ 21سالہ تانیا نے فائنل میں غیر سیڈ جاپان کی کانائے سکائی کو 15-10، 15-8 سے شکست دی۔ تانیا کا یہ چوتھا انٹرنیشنل سیریز ٹائٹل ہے۔ انہوں نے انڈیا انٹرنیشنل 2022ٹورنامنٹ، 2023میں ایران فجر انٹرنیشنل اور 2024 میں بینڈیگو انٹرنیشنل جیتا تھا۔ وہ گزشتہ سال آذربائیجان انٹرنیشنل کے فائنل میں بھی پہنچی تھیں، لیکن ہم وطن مالویکا بنسوڑسے ہاریں۔ تانیا نے سیمی فائنل میں جاپان کی ریرینا ہیراموٹو کو 15-10، 12-15، 15-8سے ، کوارٹرفائنل میں سنگاپور کی لی شن یی میگن کو 14-16، 15-12، 15-9سے اور ابتدائی راؤنڈ میں بائی ملنے کے بعد راؤنڈ آف 16میں جاپان کی نوڈوکا سناکاوا کو 4-15، 15-9، 15-7سے ہرایا۔ دیگر ہندوستانیوں میں نائشا کور بھٹوئے ، اننیا پروین اور تنیشکا مملا پلی سنگلز راؤنڈ آف 16 میں ناکام ہوئیں۔