جنگاوں 23 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید الیاس علی قدیم طالب علم ضلع پریشد ہائی اسکول تاٹی کونڈہ ضلع جنگاوں حال مقیم حیدرآباد نے ضلع پریشد ہائی اسکول تاٹی کونڈہ ضلع جنگاوں کے دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کے لیے دو لاکھ روپیہ مالیت کا اسٹڈی میٹریل، درسی کتب و نوٹ بکس کا عطیہ روانہ کیا۔ سید الیاس علی کی جانب سے روانہ کردہ میٹریل کو ان کے نمائندہ وی راجو نے راجندر ہیڈ ماسٹر اسکول کی معاونت میں طلباء و طالبات میں آج تقسیم کیا۔ اس موقع پر اسکول اساتذہ رنجیت، مرلی، ردراماں دیوی، اناسویا، سرینیواس، پرامود ریڈی پی ڈی، صلاح الدین، سورنا رانی، روی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اسکول اساتذہ اور عوام نے اسکول کے قدیم طالب علم سید الیاس علی کی جانب سے کئے گئے مستحین اقدام کی ستائش کرتے ہوے ان سے اظہار تشکر کیا۔
کسانوں کے قرض معافی اسکیم، وزیر اعلیٰ سے چیوڑلہ کانگریس قائد کا اظہار تشکر
چیوڑلہ ۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے ریاست کے کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے مراحل کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیوڑلہ منڈل کانگریس پارٹی کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے نائب صدر محمد رفیق نے چیف منسٹر کے اقدام کی دلی طور پر ستائش کی۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے محمد رفیق نے کہا کہ چیف منسٹر کے کسانوں کی جانب توجہ دیتے ہوئے قرضہ جات کی معافی کے عمل کو شروع کئے جانے پر دیہی علاقوں کے کسانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ چیف منسٹر ریاستی عوام کی بالخصوص کسانوں کی ترقی کے لئے پابند عہد ہیں۔