ایرپورٹ اتھاریٹی اور کنٹونمنٹ حکام کو رپورٹ پیش
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے بوئن پلی، تاڑبن، بال امرائی علاقوں میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے نیا منصوبہ تیار کیا ہے۔ تاڑبن چوراستہ سے کچھ دور پر بیگم پیٹ ایرپورٹ کے قریب سے بال امرائی تک ایک سرنگ سڑک تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ۔ یہ ٹنل روٹ بیگم پیٹ ایرپورٹ کے رن وے کے قریب سے گذریگی۔ یہ سرنگ 600 میٹر لمبی اور 28.40 میٹر چوڑی ہوگی ۔ ایچ ایم ڈی اے عہدیداروں نے ٹنل روڈ سے متعلق تجاویز تیار کرکے ایرپورٹ اتھاریٹی اور کنٹونمنٹ حکام کو روانہ کردی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ اس راستے سے آنے والوں کو جلد تعمیر ہونے والے ایلویٹیڈ کوریڈور پر چڑھنے کی سہولت ملے گی۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی عہدیداروں کا اندازہ ہے کہ سرنگ کا راستہ دستیاب ہوجاتا ہے تو سکھ ویلیج، بوئن پلی ، تاڑبند چوراستہ، بال امرائی عوام کیلئے ٹریفک کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوجائیگا۔ اس پراجکٹ کی تکمیل سے جہاں ٹریفک مسائل کی یکسوئی ہوگی وہیں سفری فاصلہ بھی کم ہوجائے گا۔ گریٹر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے حکومت مختلف منصوبوں پر غور کررہی ہے جس میں یہ سرنگ سڑک کی تعمیر بھی ایک تجویز ہے۔2