حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) میرعالم ٹینک، تاڑبن کے قریب آج شام اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب پلائی ووڈ کے ایک گودام میں آگ لگ گئی۔ اس واقعہ کے بعد بی این کے کالونی میرعالم کے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں مقامی پلائی ووڈ گودام میں اچانک آگ بھڑکنے کے بعد مقامی عوام نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد شہر کے مختلف فائر اسٹیشنس سے چار فائر ٹنڈرس جائے حادثہ پر پہنچے۔ تقریباً 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ ضلع فائر آفیسر ٹی وینکنا نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے چندولال بارہ دری، راجندرنگر، مغلپورہ اور یاقوت پورہ فائر اسٹیشنس کے فائر ٹنڈرس کو طلب کیا گیا تھا۔ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
