تبادلہ سے ناراض جسٹس رمانی کا استعفیٰ منظور

   

نئی دہلی، 21ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر رام ناتھ کووند نے مدراس ہائی کورٹ کی چیف جسٹس وجیا کملیش تہل رمانی کا استعفی منظور کر لیا ہے ۔ مسز رمانی نے اپنا تبادلہ میگھالیہ ہائی کورٹ میں کئے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے سپریم کورٹ کالجیم کے اس فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی تھی، جس میں ان کا مدراس ہائی کورٹ سے میگھالیہ ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کر دیا گیا تھا۔قانون اور انصاف کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری سدانند وسنت بہار داتے نے جسٹس رمانی کے استعفے کو قبول کئے جانے کے سلسلہ میں جمعہ کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ان کااستعفیٰ 6 ستمبر سے لاگو ہوگا۔ اسی دن انھوں نے اپنا استعفیٰ سونپا تھا۔ رمانی کی جگہ جسٹس ونیت کوٹھاری کو مدراس ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے ۔قابل غور ہے کہ عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت والے کالجیم نے ٹی رمانی کو میگھالیہ ہائی کورٹ کو منتقل کئے جانے کی سفارش کی تھی۔