دبئی: غزہ میں اسرائیل کی حالیہ بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں اور شہری ڈھانچے کی تعمیرنو پر 48.5 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ یہ تخمینہ عالمی بنک نے لگایا ہے ۔ عالمی بنک نے جمعرات کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ عمارتوں اور انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 38 کروڑ ڈالر ہے ۔اس کے علاوہ اس جنگ سے غزہ میں 19 کروڑ ڈالر کا صرف معاشی نقصان ہوا ہے جبکہ اسرائیل کے محاصرے کا شکاراس علاقے میں پہلے ہی بے روزگاری کی شرح 50 فیصد سے زیادہ ہے ۔
اسرائیلی فوج نے مئی میں 11 روزہ جنگ کے دوران میں غزہ میں شہری علاقوں پر تباہ کن بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں عالمی بنک کے مطابق چارہزار سے زیادہ مکانات اور عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔اسرائیل کے فضائی حملوں میں 260 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے تھے ۔ان میں 67 کم سن بچے تھے اور39 خواتین تھیں۔