لکھنؤ : مولانا کلیم صدیقی کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے ۔ انہیں الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنو بینچ نے گزشتہ ماہ پانچ اپریل کو ضمانت دیدی تھی ۔ مولانا کو سال 2021 میں یو پی اے ٹی ایس کی ایک ٹیم نے گرفتار کیا تھا ۔ ہائی کورٹ کی ڈبل بینچ میں جسٹس سروج یادو اور اے آر مسعودی کی بینچ نے مولانا کلیم صدیقی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے انہیں ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا تھا ۔ مولانا پر بڑے پیمانے پر غیر قانونی طریقہ سے تبدیلی مذہب کرانے کا الزام لگایا گیا تھا ۔دراصل مولانا کلیم صدیقی کا نام عمر گوتم معاملہ کی جانچ کے دوران سامنے آیا تھا ۔ یو پی اے ٹی ایس نے تبدیلی مذہب کے الزام میں مولانا محمد عمر گوتم اور مفتی قاضی جہانگیر قاسمی کو گرفتار کیا تھا ۔ اس دوران پولیس نے دعوی کیا تھا کہ یہ شخصیات مبینہ طور پر تبدیلی مذہب کا ریکیٹ چلا رہی تھیں۔
