تبدیلی مذہب نہیں ہونے دیں گے :شیو راج

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ریاست میں تبدیلی مذہب کو جاری نہیں رہنے دیا جائے گا اور ایسے سماج دشمن عناصر کو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ پورا ملک یاد رکھے گا۔ چوہان نے یہاں نامہ صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اگر کوئی گڑبڑ کرے گا تو وہ ایسا سبق سکھائیں گے کہ پورا ملک یاد رکھے گا۔ ہم ریاست میں مذہب کی تبدیلی کے چکر کو جاری نہیں رہنے دیں گے ۔ غنڈہ گردی اور داداگردی نہیں چلنے دی جائے گی۔ ایسے سماج دشمن عناصر اور غنڈوں کو کسی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ریاست کی راجدھانی بھوپال سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں کچھ نوجوان ایک نوجوان کو اس کے گلے میں پٹا ڈال کر کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کر رہے تھے ۔ ویڈیو کے آخر میں متاثرہ شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا ئی دے رہا تھاکہ اسے رہا کر دیا جائے اور وہ ‘میاں بھائی’بننے کیلئے تیار ہے ۔ اس کے بعد اس ویڈیو کے تار بھی مبینہ طور پر تبدیلی مذہب سے بھی جڑ گئے تھے ۔