تبدیلی مذہب کا الزام :چھانگر بابا کے ٹھکانوں پر ای ڈی کے دھاوے

,

   

لکھنؤ، 17 جولائی (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کی صبح اتر پردیش میں مذہب کی تبدیلی کے ماسٹر مائنڈ چھانگر بابا عرف جمال الدین کے گھر پر دھاوے کئے۔ ای ڈی نے بلرام پور میں 12 اور ممبئی میں دو مقامات پر دھاوے کئے۔ ای ڈی نے یہ کارروائی 100 کروڑ روپے کی غیر قانونی فنڈنگ کے معاملے میں کی ہے ۔ چھانگر بابا کے خلاف تبدیلی مذہب، غیر ملکی رقم کا غلط استعمال، قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے والی سرگرمیوں کے سنگین الزامات ہیں، جس کی جانچ کے بعد ای ڈی نے دھاوے شروع کئے ہیں۔سینئر پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ اتر پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی دستہ کو چھانگر بابا گینگ کے حوالہ نیٹ ورک، ان کے مشکوک بینک ٹرانزیکشن اور غیر ملکی فنڈنگ کے بارے میں کئی سراغ ملے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ اتر پردیش اے ٹی ایس نے تمام دستاویزات ای ڈی کو سونپ دیے ہیں، جس نے ان ٹھکانوں پر چھاپے مارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) امیتابھ یش نے کہا‘چھانگر بابا اور ان کی اہم ساتھی نیتو عرف نسرین سے پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا ہے کہ گینگ کے ارکان نے اپنے ناموں اور مختلف اداروں میں 40 سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھولے تھے ، جن کے ذریعے تقریباً 100 کروڑ روپے کی لین دین ہوئی ہے ۔