تبریز انصاری لنچنگ کیس کے تمام دس خاطیوں کو 10 سال قید

,

   

رانچی: جھارکھنڈ کی ایک عدالت نے آج تبریز انصاری لنچنگ کیس 2019ء کے تمام دس خاطیوں کو 10 سال قید کی سزاء سنائی ہے۔ تبریز کو جھارکھنڈ کے سرائیکیلا تھانے کے تحت دھاتکیڈیہ گاؤں میں چوری کے شبہ میں پکڑ کر اسے باندھا گیا اور پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ تبریز پونے میں مزدوری کرتا تھا اور عید منانے جھارکھنڈ میں اپنے گھر آیا تھا۔ 24 سالہ تبریز کو خاطیوں نے پکڑ کر ایک موٹرسائیکل کی چوری کی کوشش کا موردالزام ٹھہرایا اور اسے ایک جگہ باندھ کر خوب مارا پیٹا گیا۔ اس مار پیٹ کا ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں یہ بھی دیکھا گیا کہ تبریز کو جئے شری رام اور جئے ہنومان جیسے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔ تبریز اس واقعہ کے 5 روز بعد فوت ہوگیا، جس کے ساتھ ہی یہ واقعہ قومی سطح پر سیاسی موضوع بنا۔ تب جھارکھنڈ میں بی جے پی کی حکومت تھی۔ اپوزیشن پارٹیوں نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا اور چند روز تک کارروائی میں خلل پڑا تھا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج ۔ I امیت شیکھر نے دس ملزمین کو قصورو ار پایا اور دو دیگر کو ثبوت کے فقدان کے سبب گذشتہ جون کو بری کردیا تھا۔ آج سخت سیکوریٹی کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سزاء سناتے ہوئے عدالت نے 10 خاطیوں کو تعزیرات ہند کی دفعہ 304 کے تحت قید بامشقت کی سزاء سنائی۔ جج نے مجرمین میں سے ہر ایک کو 15 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔