تبریز انصاری کی ہلاکت پر حکومت کی خاموشی افسوسناک، مسلمانان ہند کیلئے لمحۂ فکر

   

Ferty9 Clinic

مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا اجلاس، ڈاکٹر نادرالمسدوسی ، ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی، ڈاکٹر محمد اقبال احمد رضوی القادری کا مشترکہ بیان
حیدرآباد۔ /27 جون، ( راست )کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام جھار کھنڈ میں ہجومی تشدد میں ہلاک ہونے والے تبریز انصاری کے واقعہ کے ضمن میں منعقد ہ اجلاس سے مولانا ڈاکٹر نادرالمسدوسی ، ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی، ڈاکٹر محمد اقبال احمدرضوی القادری، حضرت سید محمد شاہ ملتانی، محمد شوکت علی صوفی ( صحافی ) مرزا نثار احمد بیگ نظامی ( سپریم کورٹ ایڈوکیٹ ) محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی )، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر کمیٹی ) مولانا محمد اختر القادری، محمد عظیم برکاتی ( ایڈوکیٹ ) ، ڈاکٹر محمد عظمت رسول و دیگر علماء و دانشوران ملت کا مشترکہ بیان ۔ جھارکھنڈ میں رونما ہونے والے ہجومی تشدد میں تبریز انصاری کی ہلاکت دل دہلادینے والی اور افسوسناک ہے۔ ہندوستان میں حالیہ عرصہ میں ہجومی تشدد کے واقعات میں کئی افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے حکومت ہند کی جانب سے ان واقعات کا سخت نوٹ نہ لیا جانا ہر ہندوستانی کیلئے باعث فکر اور عبرت ہے۔ حکومت ہند کی ایسے واقعات پر خاموشی اس بات کی طرف اشارہ دے رہی ہے کہ حکومت ہند ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے بجائے ان کی ہمت افزائی کررہی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ آر ایس ایس، سنگھ پریوار، وشوا ہندو پریشد ، بجرنگ دل جیسی فرقہ پرست تنظیمیں منظم طور پر نہتے اور معصوم مسلمانوں کو نشانہ بناتی آرہی ہیں ۔ ہندوستان کی کئی ایک ریاستوں میں یہ فرقہ پرست تنظیمیں اپنے سیاسی آقاؤں کے حکم پر ہندوستان کی فضاء کو مکدر کرنے کی مذموم کوششیں کرتی آرہی ہیں۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی نے ریاستی حکومت و مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت سے سخت قانون بنائے جن سے معصوم اور نہتے مسلمانوں کا قتل رُک سکے۔