کورنٹائن سنٹرس سے سینکڑوں افراد کو چھٹی، نظام آباد کے 15 افراد گاندھی ہاسپٹل سے صحتمند ڈسچارج،وزیر داخلہ محمود علی کی کامیاب مساعی
حیدرآباد۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے لیے تبلیغی جماعت کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے، تلنگانہ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ نئی دہلی کے اجتماع سے واپس ہونے والے بیشتر افراد کی میڈیکل رپورٹ کورونا سے پاک پائی گئی اور سینکڑوں کی تعداد میں کورنٹائن کئے گئے افراد کی گھر واپسی کا آغاز ہوچکا ہے۔ حیدرآباد کے آئیسولیشن سنٹرس کے علاوہ اضلاع میں قائم کئے گئے مراکز سے مشتبہ مریضوں کو معائنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی کی فوری مداخلت کے نتیجہ میں حکام نے میڈیکل ٹسٹ منفی ہونے پر تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو گھر واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ گاندھی ہاسپٹل اور مختلف آئیسولیشن سنٹرس میں موجود شہر اور اضلاع کے افراد کو ٹسٹ میں وائرس سے پاک ہونے کے باوجود حکام گھر جانے کی اجازت سے انکار کررہے تھے۔ گاندھی ہاسپٹل میں موجود 15 افراد جن کا تعلق نظام آباد سے ہے، رپورٹ آنے کے تین دن گزرنے کے باوجود ڈسچارج نہیں کیا گیا اور نہ انہیں اپنے طور پر گاڑی کا انتظام کرنے کی اجازت دی گئی۔ انہیں یہ کہہ کر ہاسپٹل میں روک لیا گیا کہ ایک اور ٹسٹ کیا جاسکتا ہے۔ حکام کی لاپرواہی اور منفی نتیجے کے باوجود ہاسپٹل میں محروس افراد اور ان کے افراد خاندان نے اس سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی سے نمائندگی کی۔ وزیر داخلہ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے ربط قائم کیا اور کورونا سے پاک پائے گئے افراد کو گھر جانے کی اجازت دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضلع کلکٹر نظام آباد کو بھی ہدایت دی کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے افراد کی حیدرآباد سے واپسی کا انتظام کریں۔ وزیر داخلہ کی ہدایت کے بعد حکام نے فوری کورونا ٹسٹ میں منفی پائے گئے افراد کی رہائی کا آغاز کردیا۔ چارمینار یونانی ہاسپٹل سے 233 افراد کو چھٹی دی گئی جبکہ گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ ڈچپلی، جکران پلی، بانسواڑہ اور دیگر اضلاع میں آئیسولیشن میں موجود افراد کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل کے حکام نے نظام آباد کے ایک شخص محمد مصعب عمر 37 سال کی کورونا نیگیٹیو رپورٹ کہیں گم کردی ہے۔ دو دن کی تلاش کے باوجود ان کی فائل نہیں ملی لہٰذا اس شخص کو ہاسپٹل سے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وہ ہاسپٹل کے 5 ویں منزل پر واقع نیفرالوجی وارڈ میں ہیں اور گھر واپسی کے منتظر ہیں۔ دلچسپ بات تو یہ دیکھی گئی کہ نظام آباد کے کئی افراد کا ٹسٹ ضلع میں پازیٹیو بتایا گیا لیکن گاندھی ہاسپٹل میں جب ٹسٹ کیا گیا تو ان میں کورونا کوئی اثر نہیں تھا۔ آئیسولیشن مراکز سے مکانات واپس ہونے والے افراد نے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے اظہار تشکر کیا۔ اسی دوران وزیر صحت ای راجندر نے بتایا کہ ریاست کے 167 کورنٹائن سنٹرس آئندہ 5 دنوں میں خالی ہوجائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں کورونا متاثرین کی تعداد تیزی سے گھٹ جائے گی۔ کورنٹائن سنٹرس میں 3158 افراد کو رکھا گیا تھا، انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ وہ 21 اپریل تک گھروں میں کورنٹائن رہیں گے۔