جی ایچ ایم سی حدود میں 603 افراد کی نشاندہی ، 200خصوصی ٹیمیں تشکیل
حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) دہلی کے حضرت نظام الدین تبلیغی جماعت کے مرکز میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے بعد لوٹنے والے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 5 افراد کی کورونا وائرس سے موت واقع ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام افراد اور ان کے ارکان خاندان کا معائنہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے ریاست تلنگانہ سے اُن افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے دہلی میں تبلیغی جماعت کانفرنس میں شرکت کی تھی ۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 603 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے جاریہ ماہ 13 سے 15 منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے بعد شہر واپس لوٹے تھے ۔ میڈیکل ہیلت ڈپارٹمنٹ ، جی ایچ ایم سی حکام اور اسپیشل برانچ پولیس کی مدد سے تمام افراد کی جانچ کی جارہی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈی ایس لوکیش کمار نے اس سلسلہ میں بتایا کہ 200 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں محکمہ مال اور محکمہ صحت کا عملہ شامل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ /31 مارچ کو ایک ہی دن میں 463 افراد کے مکانات کو خصوصی ٹیمیں پہونچ گئیں اور 74 افراد کو کھانسی ، بخار اور دیگر عارضہ سے متاثر پائے جانے پر انہیں گاندھی اور فیور ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 348 افراد کو ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے ۔ جبکہ 41 افراد کو سرکاری کورنٹائن سنٹرس منتقل کیا جاچکا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں 88 تبلیغی جماعت کے حلقوں سے تعلق رکھنے والے اُن افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے دہلی بذریعہ فلائیٹ ، ٹرین اور کار سے سفر کیا تھا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ معائنہ کئے جانے والے افراد کا ٹسٹ نیگیٹیو ثابت ہوا ہے اور صرف کورونا وائرس کی علامتوںکی بنیاد پر مخصوص افراد کو سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔