تبلیغی اجتماع پر رپورٹنگ ۔ مرکز کے حلفنامہ پر سپریم کورٹ غیرمطمئن

   

Ferty9 Clinic

ٹی وی پر مواد سے نمٹنے ریگولیٹری میکانزم ہونا چاہئے ، چیف جسٹس کی بنچ کا تاثر

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کوروناوائرس کی وباء کی شروعات کے دوران تبلیغی جماعت کے اجتماع کے بارے میں میڈیا رپورٹنگ کے تعلق سے کیس میں مرکز کے حلفنامہ پر آج ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ حکومت کو ٹی وی پر اس طرح کے مواد سے نمٹنے کیلئے ریگولیٹری میکانزم کی تشکیل پر غور کرنا چاہئے۔ فاضل عدالت نے مرکز سے کہا کہ اس معاملہ میں غوروخوض کرتے ہوئے اسے واقف کرایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کو اس بات کی اطلاع بھی دینا چاہئے کہ کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایکٹ کے تحت اس مسئلہ پر کیا اقدامات کئے گئے۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی والی بنچ نے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ اول تو آپ نے مناسب حلفنامہ داخل نہیں کیا اور پھر آپ نے ایسا حلفنامہ پیش کیا جو دو اہم سوالات کی بابت خاموش ہے۔ اس طرح سے معاملہ سے نمٹنا غلط ہے۔ جسٹس بوبڈے کے ساتھ جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس بی راماسبرامنیم پر مشتمل بنچ نے کہا کہ مسٹر مہتا ہم آپ کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ ہمیں ان اقدامات سے واقف کرائیں جو کیبل ٹی وی نیٹ ورک ایکٹ کے تحت کئے گئے ہیں۔