تبلیغی جماعت سے وابستہ گروپ کا حملہ ،چار جوان زخمی

   

مدھوبنی (بہار) ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے علاقہ مدھوبنی میں تبلیغی جماعت سے وابستہ ایک گروپ نے پولیس عملہ پر مبینہ طور پر حملہ کیا جس میں چار پولیس ملازمین زخمی ہوئے۔ جاریہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس اس گروپ کے ارکان کو تنبیہ کررہی تھی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس مدھوبنی ستیہ پرکاش نے کہا کہ دہلی کے نظام الدین علاقہ میں تبلیغی جماعت کے مرکز سے واپس ہونے والوں کا پتہ چلایا جارہا تھا کہ ایک گروپ نے پولیس ٹیم پر حملہ کیا۔ اسی دوران دہلی کے شمال مشرقی علاقہ میں واقع ایک دواخانہ میں تبلیغی جماعت کے شرکاء نے ڈاکٹروں کے ساتھ غلط برتاؤ کیا اور دواخانہ کے عملہ کو دھمکیاں دی۔ ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ اجتماع میں شریک 167 افراد کو عارضی قرنطینہ مراکز میں منتقل کیا گیا۔ تغلق آباد علاقہ میں واقع ریلوے کی عمارت میں قرنطینہ سنٹر قائم کیاگیا ہے جہاں تبلیغی اجتماع میں شریک افراد کو رکھا گیا ہے۔ ریلوے کالونی کے مکینوں نے اس علاقہ میں کوروناوائرس کے متاثرین کو رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے فوری بعد مقامی عہدیداروں نے ضروری کارروائی کی۔