تبلیغی جماعت کے اراکین سے متعلق عدالت کے فیصلہ کا خیرمقدم

   

کرونا مریضوں کو پلازمہ کا عطیہ دینے صحت یاب افراد سے کانگریس لیڈر حافظ شیخ شفیع کی اپیل

سنگاریڈی۔ حافظ شیخ شفیع جنرل سکریٹری جمعیت العلماء سنگاریڈی و کانگریس پارٹی رکن بلدیہ سنگاریڈی نے کمس ہاسپٹل حیدرآباد پہنچ کر کرونا وائرس سے متاثر مریض پرتاپ ریڈی کو اپنا پلازمہ عطیہ دیا۔ انہوں نے کرونا سے صحت یاب ہونے والے افراد سے پلازمہ عطیہ دیتے ہوئے مریضوں کی جان بچانے کا نیک کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ پلازمہ دینے سے صحت پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں۔ حافظ شیخ شفیع جنرل سکریٹری جمعیت العلماء سنگاریڈی نے تبلیغی جماعت کے 28 غیر ملکی اراکین سے متعلق بمبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ عدالت نے تمام ایف آئی آر منسوخ کردیئے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے واضح ہوتا ہیکہ تبلیغی جماعت نے قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ اس کو بدنام کرنے کیلئے یہ سب کیا گیا۔ وائی مرض کو ایک مخصوص مذہب سے جوڑ کر ملک میں تفرقہ اور منافرت پھیلانے کی گھناؤنی سازش کی گئی۔ میڈیا نے بھی بناکسی تحقیق ایک طرفہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اس کو بہت زیادہ ہوا دی ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ کے فیصلہ سے سبق لیتے ہوئے غلط پروپگنڈہ کی وجہ سے سماج میں جو غلط فہمی پھیلی ہے میڈیا اس کو درست کرنے کی کوشش کرے۔

گجویل میں قرض کے بوجھ سے
دلبرداشتہ کسان کی خودکشی
گجویل۔ گجویل میں قرض کے بوجھ سے دلبرداشتہ ایک کسان کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب حلقہ اسمبلی گجویل کے جگدیوپورمنڈل مستقر کا رہنے والا 35 سالہ رمیش جو پیشہ کے اعتبار سے کھیت باڑی کیا کرتا تھا گذشتہ دو تین سال سے کافی مقروض ہوگیا تھا جس کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے گھر میں جراثیم کش دوا کا استعمال کرلیا۔ افراد خاندان نے سرکاری دواخانہ گجویل منتقل کیا مگر دوران علاج رمیش جانبر نہ ہوسکا۔ متوفی کے پسماندگان میں بیوہ لکشمی کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔