تبلیغی جماعت کے ارکان کو ڈھونڈنے پر یو پی پولیس کا انعام

   

اعظم گڑھ میں اعلان ، میرٹھ میں کورونا مریض کو ہاسپٹل لے جانے والی ٹیم پر حملہ
اعظم گڑھ ۔ /11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش پولیس نے اُن لوگوں کیلئے انعام کا اعلان کیا ہے جو ایسے ارکان تبلیغی جماعت کو ڈھونڈنے میں مدد دیں جنہوں نے ابھی تک یہاں حکام سے ربط قائم نہیں کیا ہے ۔ پولیس نے آج کہا کہ جماعت کے ارکان دہلی کے نظام الدین مرکز میں گزشتہ ماہ کے اجتماع میں شریک ہوئے تھے جو کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے حکومت کے لاگو کردہ سماجی فاصلے کے اُصول کے خلاف ہے ۔ پولیس نے ابھی تک 33 ارکان جماعت کو قرنطینہ کیا ہے جو مختلف مساجد ، مدرسوں اور یہاں گھروں میں مقیم تھے ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اعظم گڑھ تروینی سنگھ نے کہا کہ جماعت کے ارکان اب بھی روپوش ہے ۔ ہم نے ان سے اپیل کی تھی کہ اگر وہ ازخود حکام سے رجوع ہوجائیں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی لیکن اگر ان کے بارے میں اطلاع ہمیں کوئی دیگر ذریعہ سے ملتی ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ایس پی نے کہا کہ ارکان جماعت کے تعلق سے پولیس کو مطلع کرنے والے کو 5 ہزار کا نقد انعام دیا جائے گا اور اس کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی ۔ دریں اثناء میرٹھ میں کورونا مریض کے رشتہ داروں نے تشدد کا راستہ اختیار کیا اور اپنے رشتہ دار مریض کو دواخانہ لے جانے والی پولیس اور ضلع عہدیداروں کی ٹیم پر حملہ کردیا ۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) اونیش اوستھی نے لکھنؤ میں بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں 4 افراد بشمول ایک امام گرفتار کئے گئے ہیں ۔