تبلیغی جماعت کے ارکان کیلئے علیحدہ جیلیں

   

پہلے گجرات اور اب یو پی
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) گجرات میں تبلیغی جماعت والوں کیلئے علیحدہ جیل کے بعد اب حکومت اتر پردیش نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ تبلیغی جماعت والوں کیلئے جو حراست میں لئے جانے کے بعد کورونا وائرس متاثر پائے گئے ہیں علیحدہ جیل تیا رکی جائے ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے اترپردیش میں 23 عارضی جیلوں کی تیاری کا حکم دیا ۔ کہا ہے کہ جن تبلیغی جماعت والوں کو مشتبہ کورونا مریضوں کی حیثیت سے گرفتار کیا گیا ہے ان کو ان خصوصی جیلوں میں رکھا جائیگا جو ان کیلئے تیار کی گئی ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ مرادآباد جیل میں 6قیدیوں کے کورونا وائرس متاثر پائے جانے کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ کورونا کے ان مشتبہ مریضوں کیلئے علیحدہ جیل تیار کی جائے۔ یو پی حکومت کی جانب سے 3000 ایسے مبلغین کی نشاندہی کی گئی جو دہلی اجتماع میں شرکت کرچکے ہیں ۔ان مبلغین کے ساتھ انکے افراد خاندان کے بھی کورونا ٹسٹ کروائے جا رہے ہیں تاکہ پتہ چلایا جاسکے کہ ان سے رابطہ میں رہنے والوں کو بھی کورونا کا اثر تو نہیں ہوا ہے۔حکومت نے بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے مبلغین پربھی مقدمات درج کئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ تاحال 45 ایف آئی آر کئے جا چکے ہیں اور 325 بیرون ملک مبلغین کی نشاندہی کرکے انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انکے پاسپورٹ ضبط کرکے انہیں جیل میں رکھا گیا ہے لیکن اب جو 23خصوصی جیل تیار کئے جا رہے ہیں ان میں ان مبلغین کو منتقل کردیا جائیگا جو بیرون ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری اترپردیش مسٹر اویناش اوستھی نے اس بات کی توثیق کی۔