نئی دہلی 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے تبلیغی جماعت کے آرگنائزرس کے خلاف ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ سی بی آئی نے مشتبہ رقمی معاملتوں اور بیرونی عطیات سے حکام کو بے خبر رکھنے کے الزامات میں یہ تحقیقات شروع کی ہیں۔ ابتدائی انکوائری رپورٹ درج کرنے کے بعد سی بی آئی نے تبلیغی جماعت کے معاشی امور اور معاملات کی تحقیقات کا عمل شروع کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ تبلیغی جماعت کے دہلی کے مرکز میں ہوئے اجتماع اور کچھ ارکان کے کورونا سے متاثر قرار پائے جانے کے بعد ملک بھر میں ایک طرح کا ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ ابتدائی انکوائری در اصل یہ فیصلہ کرنے کی سمت پہلا قدم ہے کہ آیا ایف آئی آر درج کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کرنے کی بادی النظر میں کوئی گنجائش موجود ہے یا نہیں۔ سی بی آئی نے تبلیغی جماعت کی معاشی معاملتوں اور بیرونی عطیات کے حصول کے تعلق سے ابتدائی رپورٹ درج کرلی تھی اور تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ آج ابتدائی تحقیقات کا عمل ایجنسی کی جانب سے شروع کردیا گیا ہے ۔ حکومت تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے آئے بیرونی ارکان کے خلاف بھی مقدمات درج کر رہی ہے ۔