تبلیغی جماعت کے 17 غیرملکی ارکان کو جھارکھنڈ ہائیکورٹ کی ضمانت

   

رانچی۔ تبلیغی جماعت کے غیر ملکی ارکان کو جھارکھنڈ ہائیکورٹ نے ضمانت دے دی ۔ جماعت کے ان افراد کو 10 ، 10 ہزار کے شخصی مچلکوں پر ضمانت دی گئی ہے۔ ان تمام کو مارچ میں رانچی کے ہندپیڑھی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر ویزا کی خلاف ورزی اور لاک ڈاؤن کے ضابطے کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔غیر ملکی تبلیغی جماعت کے لوگوں میں ملائیشیا کے 8، انگلینڈ کے 3، بنگلہ دیش، گامبیا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو آئی لینڈ کے 2 ، 2 افراد شامل ہیں۔ وہیں ایک مقامی باشندہ کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ عدالت میں حکومت کی جانب سے دلیل پیش کی گئی کہ یہ تمام غیرملکی افراد کورونا وبا ء کے دوران ’’چھپے ہوئے‘‘ تھے، لیکن عدالت نے یہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ چھپے ہوئے نہیں بلکہ ’’پھنسے ہوئے ‘‘تھے۔ جھارکھنڈ ہائیکورٹ کے جسٹس رنجن مکھوپادھیائے کی بنچ نے ان تمام افراد کو ضمانت دی۔واضح رہے کہ اس سے قبل دہلی اور یو پی کی عدالتوں سے بھی تبلیغی جماعت کے بیرونی ارکان کو ضمانت مل چکی ہے۔