تبلیغی جماعت کے 2,550 بیرونی ارکان بلیک لسٹ

,

   

۔10 سال کیلئے انڈیا میں داخلے کیلئے امتناع ، ویزٹ ویزا کا غلط استعمال بنیادی وجہ

نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) تبلیغی جماعت کے بیرونی ارکان کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے تقریباً 40 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 2,550 اراکین کو ’’بلیک لسٹ‘‘ کردیا ہے۔ عہدیداروں نے جمعرات کو بتایا کہ یہ افراد کورونا وائرس وباء کے ملک گیر پھیلاؤ کے دوران ہندوستان میں مقیم تھے اور ویزا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے تھے۔ ان افراد کو 10 سال تک ہندوستان میں داخلے کی اجازت نہیں رہے گی۔ یہ شاید پہلی مرتبہ ہے کہ حکومت نے اتنی بڑی تعداد میں بیک وقت بیرونی شہریوں کو بلیک لسٹ کیا اور فارینرس ایکٹ کے تحت طویل مدت کیلئے ہندوستان میں اُن کا داخلہ ممنوع کردیا۔ یہ کارروائی وزارت داخلہ نے مختلف ریاستی حکومتوں کی جانب سے اُن بیرونی شہریوں ک تفصیلات حاصل ہونے کے بعد کی ہے جو ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مساجد اور مذہبی درس گاہوں میں مقیم پائے گئے۔ وزارت کے عہدیدار نے دہرایا کہ حکومت نے 2,550 بیرونی تبلیغی جماعت کے ارکان کو 10 سال کیلئے ہندوستان میں داخلے سے روک دیا ہے۔ تقریباً تمام بیرونی جماعتی کارکنان ٹورسٹ ویزا پر آئے تھے لیکن تبلیغی کاموں میں مصروف ہوگئے، جو ویزا شرائط کی خلاف ورزی ہے۔