چیف سکریٹری ‘ ڈی جی پی ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی ‘ سکریٹری بلدی نظم و نسق و پولیس کمشنر کا دورہ
حیدرآباد۔/9اپریل، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں کوویڈ۔19 کی روک تھام کیلئے پولیس و جی ایچ ایم سی نے اپنی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی ہے جس کے تحت 12 علاقوں کی نشاندہی کرکے ان کا محاصرہ کرلیا گیا ہے۔ وائرس کی روک تھام کیلئے مہم کا شخصی طور پر جائزہ لینے چیف سکریٹری مسٹر سومیش کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کے علاوہ دیگر نے ملے پلی کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ تبلیغی مرکز واقع بڑی مسجد ملے پلی کے اطراف علاقوں کو مکمل بند کردیا گیا ہے اور رکاوٹیں نصب کردی گئی ہیں ۔ یہ تحدیدات فی الحال 15 دن رہیں گی ۔ چیف سکریٹری مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے اور ان علاقوں میں جہاں کورونا وائرس پازیٹو کیس درج کئے گئے ہیں کو اپنے نشانہ پر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 15 اور شہر میں 12 علاقوں کی نشاندہی کی گئی اور انہیں کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے جس کے تحت ان کا مکمل محاصرہ کرلیا گیا ہے۔ مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے عوام کا تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محاصرہ کئے گئے علاقوں کے عوام کو ایک نمبر فراہم کیا جائے گا جس پر وہ ایمرجنسی صورتحال میں ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ حیدرآباد کمشنریٹ میں 12 علاقوں کی نشاندہی کی گئی جہاں کورونا وائرس کے کیسیس درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محاصرہ کیلئے 8 فیٹ اونچے بیریکیٹس نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محاصرہ کئے گئے ہر علاقہ میں ضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے جی ایچ ایم سی اور پولیس انتظامات کررہی ہے ۔ ان علاقوں کے محاصرہ کا مقصد یہ ہے کہ عوام کورونا سے پاک ہوجائیں۔ عہدیداروں نے علاقہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور ماتحتین کو ہدایت دی کہ ان میں کیمیکل کا چھڑکاؤ جاری رکھیں اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو مکانات کے سروے میں مدد کریں۔
