نئی دہلی،2اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں نظام الدین میں واقع مرکز سے نکالے گئے لوگوں میں سے 108کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا ہیں اور دو کی موت ہوگئی ہے ۔وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے جمعرات کو دہلی میں کورونا وائرس کی صورت حال کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت میں 219 معاملے سامنے آئے ہیں ،ان میں 108مرکز کے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر چارلوگوں کی موت ہوئی ہے جن میں سے دو مرکز سے ہیں۔ کجریوال نے کہاکہ فی الحال 208متاثر افراد ہاسپٹلس میں داخل ہیں۔ان میں سے ایک پچھلے کئی دن سے وینٹیلیٹر اور پانچ آکسیجن پر ہیں اور 202افراد کی حالت مستحکم ہے ۔دہلی میں 31307لوگ خود قرنطینہ میں ہیں۔دہلی میں چھ لوگ ٹھیک ہوئے ہیں اور ایک شخص سنگاپور سے آیا تھا جو واپس چلا گیا ہے ۔ کجریوال نے کہا ہے کہ دہلی کے کوروناوائرس کے معاملوں میں 51غیر ملکی سفرکرکے لوٹے تھے اور 29ان کے خاندان سے وابستہ ہیں۔اس کا مطلب یہ ہواکہ دارالحکومت میں فی الحال کورونا انفیکشن کمیونٹی سطح پر نہیں پھیلا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے 537لوگ ہاسپٹل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز سے بڑی تعداد میں نکالے گئے لوگوں کی جانچ رپورٹ آنی باقی ہے اور خدشہ ہے کہ یہ رپورٹس آنے پر تعداد میں کافی اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ملک میں کورونا وائرس سے ایک سے ڈھائی لاکھ لوگوں کے مرنے کا خدشہ ظاہر کیاہے ۔جب امریکہ جیسا ملک پست ہے تو سمجھنے کو کوشش کریئے کہ حالات کتنے خراب ہوسکتے ہیں۔اس لئے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں۔