تجارتی سرگرمیوں کی اجازت کے ساتھ لاک ڈاون میں 31 مئی تک توسیع

   

Ferty9 Clinic

٭ کنٹینمنٹ زون کے سوا ساری ریاست تلنگانہ گرین زون ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان
٭ حیدرآباد میں دوکانات ایک دن کے وقفہ سے کھلیں گی ۔ کمشنر بلدیہ تفصیلات کا اعلان کرینگے
٭ آٹو ‘ ٹیکسی اور کیابس کے علاوہ خانگی کاریں چلیں گی ۔ریاست بھر میں رات کا کرفیو برقرار رہے گا

حیدرآباد میں کیا کھلے رہیں گے ؟
٭ تمام دوکانات ( آلٹرنیٹ سسٹم )
٭ آٹو ۔ ڈرائیور + 2 افراد
٭ ٹیکسی ۔ ڈرائیور + 3 افراد
٭ خانگی کاریں ۔ ڈرائیور + 3 افراد
٭ حمل و نقل اور تجارتی سامان کی آٹو ، ٹرالیز اور دیگر گاڑیاں
٭ ہیر کٹنگ سیلون ٭ فیکٹریز ، مینو فکچرنگ یونٹ
٭ سرکاری و خانگی دفاتر ( 100 فیصد حاضری کے ساتھ )
جن کی اجازت نہیں
٭ آر ٹی سی بس ٭ میٹرو ٹرین
٭ فنکشن ہال ، مالس ، سنیما ہال ٭ تمام مذہبی عبادت گاہ
٭ تمام تعلیمی ادارے ( اسکول کالجس ، کوچنگ سنٹرس )
٭ بار ، پبس ، کلبس ، جم ، سویمنگ پول ، جمنازیم ، امیوزمنٹ پارک ، پارکس ، اسٹیڈیم
کنٹینمنٹ زون
چارمینار ، ملک پیٹ ، یل بی نگر ، کاروان
ان زونس میں کوئی کاروبار ، دوکانات کھولنے کی اجازت نہیں ۔

حیدرآباد ۔ 18 مئی (سیاست نیوز) ریاستی کابینہ نے 31 مئی تک ریاست بھر میں لاک ڈاؤن میں توسیع کرتے ہوئے دن کے اوقات میں کاروبار اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت کا اعلان کیا ہے۔ ریاست بھر میں رات کا کرفیو 31 مئی تک برقرار رہے گا اور تمام مذاہب کی عبادت گاہیں بند رہیں گی۔ کسی بھی سیاسی جلوس، ریالی اور جلسوں پر پابندی جاری رہے گی۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا کہ ریاست میں کوروناوائرس کی صورتحال قابو میں ہے اور کنٹیمنٹ علاقوں کو چھوڑ کر دیگر تمام علاقے ( عملا ساری ریاست تلنگانہ ) آج سے گرین زون میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو چھوڑ کر تمام تجارتی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔ تمام دکانات کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کاروباری ادارے اور دکانات کیلئے کمشنر جی ایچ ایم سی تفصیلات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں تجارتی ادارے اور دکانات ایک دن آڑ (آلٹرنیٹ ڈے) بنیاد پر کھولنے کی اجازت رہے گی۔ ایک دن کے وقفہ سے کھولنے والی دکانات کی تفصیلات کمشنر بلدیہ جاری کریں گے۔ کنٹیمنٹ علاقوں میںکسی بھی کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کل صبح سے آر ٹی سی بسوں کا آغاز ہوگا۔ تاہم حیدرآباد میں سٹی بس سرویس بند رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ اندرون ریاست بسیں چلائی جائیں گی جبکہ دیگر ریاستوں کی بسوں کو تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ آر ٹی سی تلنگانہ کے حدود میں بسیں چلائے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ منگل سے ٹیکسی، آٹو اور کیاب کی اجازت رہے گی۔ آٹو میں ڈرائیور کے علاوہ دو افراد اور ٹیکسی میں ڈرائیور کے علاوہ تین افراد کے سفر کی اجازت ہوگی۔ اس پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں چالان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بشمول ریاست بھر میں ہیرکٹنگ سیلون کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ای کامرس سرگرمیاں صدفیصد بحال ہوجائیںگی۔ آر ٹی سی بسوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔ ڈرائیور، کنڈیکٹر اور مسافرین کیلئے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ تمام سرکاری اور خانگی دفاتر صدفیصد ملازمین کی حاضری کے ساتھ کام کرسکیں گے۔ فیاکٹریز اور مینوفیکچرنگ یونٹس میں کام کا آغاز ہوگا۔ 31 مئی تک رات کا کرفیو برقرار رہے گا اور آئندہ جاری رکھنے کے بارے میں بعد میں فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام عبادت گاہیں، فنکشن ہالس، مالس اور سنیما ہالس بند رہیں گے۔ تمام تعلیمی ادارے بھی 31 مئی تک بند رہیں گے۔ بار، پبس، کلبس، سوئمنگ پول، جم، جمنازیم، امیوزمنٹ پارک (پارکس اور اسٹیڈیم) بند رہیں گے۔ میٹرو ریل سرویس بھی بند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی رہے گا اور خلاف ورزی پر ایک ہزار روپئے چالان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر اور دوکانات میں سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر سختی سے اختیار کی جائیں گی۔ ضعیف افراد اور کمسن بچوں کو باہر نکلنے سے منع کیا جائے کیونکہ یہ کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے کنٹینمنٹ زونس میں 1425 خاندان ہیں۔ نئے رہنما خظوط میں صرف یہی خاندان مکمل پابندی میں رہیں گے ۔ شہریوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی کردیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر 1000 روپئے جرمانہ عائد کیا جائیگا ۔ تمام دوکانات میں سینیٹائزیشن لازمی ہوگا اور گاہکوں کیلئے بھی اس کا اہتمام کرنا ہوگا ۔ چیف منسٹر نے شہریوں سے اپیل کی کہ نرمیوں کے باوجود صرف ضرورت پر ہی گھروں سے باہر نکلیں کیونکہ اگر صورتحال ابتر ہوتی ہے تو ہم کو دوبارہ مکمل لاک ڈاون کا اعلان کرنا پڑسکتا ہے ۔