برائٹ بگن کا بزنس ایکسپو، مولانا حامد محمد خان، مفتی صادق محی الدین، ڈاکٹر احسن الحمومی کا خطاب
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( پریس نوٹ ) اسلام نے جہاں دنیا کے تمام مسائل کے حل پیش کئے ہیں وہیں غربت کا حل بھی بتایا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم نوجوان اپنے اندر خود انحصاری پیدا کریں، دوسروں پر منحصر ہونے کی عادت سے باہر نکلیں، اپنے پیروں پر خود کھڑے ہوں اور تجارت کو اپنا ذریعہ معاش بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے برائٹ بگن تلنگانہ ( شعبہ ملی اُمور جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ) کی جانب سے خواجہ منشن فنکشن ہال، مانصاحب ٹینک حیدرآباد پر منعقدہ اپنی نوعیت کے پہلے منفرد بزنس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کئی اسٹالس لگائے گئے تھے جہاں بزنس انٹر پرینرس نے اپنے تجربات اور کاروبار سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا حامد محمد خان نے کہاکہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کا شعبہ ملی اُمور امت کے تحفظ و ترقی کے ضمن میں ملت کے نوجوانوں کو معاشی، سماجی، روحانی، معنوی اور شخصی طور پر ہر طرح سے آگے بڑھانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برائٹ بگن، شعبہ ملی اُمور کی جانب سے قائم کردہ ادارہ ہے جو نوجوانوں کی ہر طرح کی رہنمائی کرے گا جو تجارت و صنعت میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ تاکہ مسلمان اس ملک میں باوقار زندگی بسر کرسکیں۔ مفتی صادق محی الدین فہیم نے قرآن و حدیث کے حوالوں سے تجارت کی ہمیت و افادیت کو واضح کیا۔ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان سکریٹری شعبہ ملی اُمور نے کہا کہ معیشت مضبوط اور حلال ہوگی تو ایمان اور دین بھی مضبوط ہوگا۔ مولانا ڈاکٹر احسن الحمومی (خطیب شاہی مسجد باغ عامہ ) نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سچائی، امانت اور دیانت کے ساتھ تجارت کرنے والا مومن جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔ جناب یوسف علی خان صدر رفاہ چیمبرس آف کامرس تلنگانہ نے کہا کہ رفاہ بھی جماعت اسلامی ہند کا مرکزی ادارہ ہے جو ملک کی 17 ریاستوں میں سرگرم عمل ہے جو تجارت، صنعت وحرفت میں آگے بڑھنے کی دلچسپی رکھنے والوں کی ہر طرح سے تعاون و رہنمائی کررہا ہے۔ مولانا یوسف زاہد سابق صدر نشین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ تلنگانہ نے اپنے خطاب میں حکومت کی مختلف اسکیمات کا ذکر کیا۔ اس موقع پر جناب محمد لطیف خان چیرمین ایم ایس ایجوکیشن، جناب معراج فہیم ( ایڈونچر پارک ) ڈاکٹر نشید علی ، ڈاکٹر خضر حسین جنیدی، محترمہ گلزار کرشمہ ملک (سی اے ) و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ نوجوان انٹر پرینرس اور بزنس مین جناب محمد جاوید علی ( ایونٹ منیجر ) ڈاکٹر مزمل انظر، برادر قاسم (آئی واٹر )، حافظ محمد اظہر محی الدین ( بائیو ریفامس ) ، حافظ و قاری سید الزما، جناب ابوبکر ( زبیو کمپنی ) نے اپنے کاروبار کے تجربات کا نچوڑ پیش کیا۔ اس موقع پر سکریٹریز جناب ایم این بیگ زاہد، جناب سید فخر الدین علی احمد، ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین محترمہ آسیہ تسنیم بھی موجود تھے۔ جناب مسعود صہیب نے تمام شرکاء و مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ جناب عبدالمحی نے پروگرام کی نظامت کی۔ جناب محمد کلیم الدین، جناب منیر الدین، میر عباس علی، جناب مقصود ہاشمی و دیگر کارکنان نے انتظامات میں حصہ لیا۔