نئی دہلی: تین ہندوستانی شہری ایران میں لاپتہ ہوگئے اور نئی دہلی نے اس معاملے کو تہران کے ساتھ سختی سے اٹھایا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ تین ہندوستانی تجارتی مقاصد کے لیے ایران گئے تھے اور اس ملک میں پہنچنے کے فوراً بعد ان کا اپنے اہل خانہ سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم تین لاپتہ ہندوستانی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دہلی میں ایرانی سفارت خانے اور تہران میں ایرانی وزارت خارجہ کے ساتھ اس معاملہ کو اٹھایا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ امید ہے کہ ہمیں لاپتہ شہریوں کا پتہ لگانے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ایرانی حکام سے مدد ملے گی۔معلوم ہوا ہے کہ تینوں ہندوستانیوں نے مبینہ طور پر دسمبر میں ایران کا سفر کیا تھا۔