تحدیدات میں توسیع پر نمائش کا احیاء مزید دس یوم ناممکن

   

حیدرآباد۔10جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے جی او ایم ایس پرعمل آوری میں مزید 10 دن کی توسیع کے فیصلہ کے ساتھ ہی یہ واضح ہوچکا ہے کہ نمائش 2022 کا آئندہ 10یوم کے دوران احیاء نہیں ہوگا۔ ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے گذشتہ یوم جی او ایم ایس 6 جاری کرتے ہوئے اس میں 1جنوری کو جاری کئے گئے جی او کا حوالہ دیا اور کہا کہ یکم جنوری کو جاری کئے گئے جی او ایم ایس نمبر 1 میں موجود تحدیدات جو کہ 10جنوری تک تھیں اسے 20جنوری تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نمائش کے افتتاح کے بعد محکمہ پولیس کی جانب سے نمائش سوسائٹی کو میمو روانہ کرتے ہوئے انہیں یکم جنوری کو جاری کئے گئے جی او کی بنیاد پر نمائش کو 10 جنوری تک بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں لیکن بعد ازاں کمشنر سٹی پولیس نے 81ویں کل ہند صنعتی نمائش کو یکم جنوری تا 15فروری تک کے لئے جاری کی گئی اجازت کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ کمشنر پولیس کی جانب سے جاری کئے جانے والے ان احکامات کے بعد کہا جا رہا تھا کہ جاریہ سال نمائش کا اہتمام ممکن نہیں ہوگا لیکن ان احکامات سے دوسرے ہی دن کمشنر پولیس نے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اجازت کی تنسیخ کے احکامات سے دستبرداری اختیار کی جا رہی ہے لیکن یکم جنوری کو جاری کئے گئے جی او ایم ایس 1 پر عمل آوری کی جائے گی اور ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق نمائش کے مستقبل کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 9 جنوری کو جی او ایم ایس 6 جاری کرتے ہوئے تحدیدات ‘عوامی اجتماعات‘ ریالیوں اور پروگرامس کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کے فیصلہ کو 20جنوری تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کل ہند صنعتی نمائش کے متعلق پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ جی او ایم ایس میں کسی ترمیم کے بغیر اس پر عمل آوری کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تو ایسی صورت میں نہ صرف نمائش کا اہتمام ممکن نہیں ہے بلکہ ریاست بھر میں اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ ریالیوں کے انعقاد پر پابندی جوں کی توں برقرار ہے۔ اس صورتحال میں 20جنوری تک نمائش میں سرگرمیوں میں احیاء کے کوئی امکانات نہیں ہیں لیکن نمائش سوسائٹی کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ حالات اگر معمول پر آتے ہیں اور تحدیدات میں ترمیم یا نرمی لائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں نمائش کے آغاز کے اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ سوسائٹی کی جانب سے تمام تیاریاں نہ صرف مکمل کی جاچکی تھیں بلکہ یکم جنوری کو گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن کے ہاتھوں افتتاح بھی عمل میں لایا جاچکا ہے۔م