واشنگٹن۔8 جولائی (ایجنسیز) امریکی وزارتِ خارجہ کی ایک یادداشت، جو 23 جون کو جاری کی گئی اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی طرف سے دستخط شدہ ہے، کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے تحریر الشام تنظیم کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی فہرست سے ہٹا دیا ہے۔ یہ یادداشت پیر کو آن لائن شائع ہوئی اور اسے منگل کو سرکاری طور پر وفاقی رجسٹر میں شائع کیا جائے گا۔یہ امریکی اقدام شام پر عائد امریکی پابندوں کو تدریجی طور پر ہٹانے کے سلسلے میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ ہئیۃ تحریر الشام شام میں القاعدہ کا ایک سابق گروپ تھی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنی یادداشت میں لکھا ہیکہ اٹارنی جنرل اور وزیر خزانہ سے مشاورت کے بعد میں نے جبۃ النصرۃ، جو ہیئۃ تحریر الشام (اور دیگر ناموں) کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کے طور پر درجہ بندی ختم کردی ہے۔