تحریک عدم اعتماد سے بی آر ایس، کانگریس اور مجلس میں خفیہ مفاہمت کا ثبوت: کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے لوک سبھا میں مودی حکومت کے خلاف کانگریس اور دیگر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر سخت تنقید کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے ثابت ہوچکا ہے کہ کانگریس، بی آر ایس اور مجلس ایک ہیں۔ مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ووٹ دینا دراصل بی آر ایس اور مجلس کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ تلنگانہ عوام کو کانگریس، بی آر ایس اور مجلس کے درمیان خفیہ مفاہمت کو سمجھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں صرف بی جے پی ہی بی آر ایس سے مقابلہ کررہی ہے۔ بی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں شدت پیدا کی جائے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس، بی آر ایس اور مجلس بدعنوان اور خاندانی پارٹیاں ہیں، تینوں پارٹیوں نے راست یا بالواسطہ تلنگانہ پر حکمرانی کی ہے۔ بی آر ایس کی کار کا اسٹیرنگ مجلس کے ہاتھوں میں ہے۔ تلنگانہ میں تبدیلی صرف بی جے پی سے ممکن ہے۔