نئی دہلی: کانگریس نے منگل کے روز کہا کہ منی پور میں تشدد کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی توڑنے کیلئے اپوزیشن کو لوک سبھا میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا قدم اٹھانا پڑا کیونکہ وزیراعظم کا بیان حکومت کے کسی وزیر کے بیان سے زیادہ معنی خیز ہوتا ہے ۔تحریک پر بحث کے دوران اپوزیشن کے اراکین نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ پر حالات کو قابو کرنے میں ناکام ہونے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں فوری طور پر برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے کہا کہ یہ تحریک منی پور کے معاملے پر وزیر اعظم کی خاموشی کو توڑنے کیلئے لائی گئی ہے ۔ اگر وزیر اعظم ایوان کے سامنے ریاست کے حالات پر بیان دیتے تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو مان لینا چاہئے کہ منی پور میں ان کی ڈبل انجن والی حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔