ورنگل ۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جلسئہ تعزیت الحاج تاج مضطر ، بانی وصدربزم محمدی، ورنگل کا 27 جولائی ہفتہ بمقام اسلامک انفارمیشن سنٹر ’رائے پورہ‘ ہنمکنڈہ بوقت بعد نماز مغرب منعقد ہوگا۔ صدارت ڈاکٹر محمد بہادر علی ، ورنگل کریں گے ۔ مہمانان خصوصی : خالد سعید ، ناظم ضلع جنگاوں، جماعت اسلامی ہند ، الحاج سید تاج الدین مشتاق ، وحید گلشن نے کہا کہ مرحوم کے تمام دوست و احباب ‘ رشتہ دار ‘ شعراء، ادباء، خیر خواہ اور ادب دوست حضرات سے پر خلوص خواہش کی جاتی ہے کہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور دعائے مغفرت کرنے کے لئے اس جلسہ میں ضرورشرکت فرمائیں۔ خواہشمند احباب منظوم ، تحریری و تقریری تعزیت پیش کر سکتے ہیں۔
حالت نشہ میں ہیڈ ماسٹر اسکول پہنچا
دھرماپوری ۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حالت نشہ میں سرکاری اسکول کا ایک ہیڈماسٹر اسکول پہنچا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کے مخلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع ملگ کے دھرماپوری گاؤں میں پیش آیا۔ آدھار کارڈ اپ ڈیٹ کروانے کے لئے فارم پر گزیٹیڈ ہیڈماسٹر کے دستخط کے لئے جب مقامی افراد اسکول پہنچے تو انہوں نے اس ہیڈماسٹر کو حالت نشہ میں دیکھا۔ انہوں نے جب فارم پر دستخط کرنے کی اس سے خواہش کی تو اس نے انکار کردیا اور مقامی افراد سے الجھ پڑا۔ مقامی افراد نے اس کی ویڈیو لیتے ہوئے وائرل کردی۔ مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ہیڈماسٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔