حیدرآباد۔/22 اگسٹ ( سیاست نیوز) انسداد رشوت ستانی عملہ نے ضلع میڑچل ملکاجگری کے باچو پلی منڈل کے تحصیلدار کو رشوت کی رقم حاصل کرنے پر گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق خانگی بلڈر سرینواس راؤ نے باچو پلی تحصیلدار این وائی گیری سے نظام پیٹ میں واقع اراضی کا اسکیچ تیار کرنے درخواست داخل کی تھی ۔ تحصیلدار نے مبینہ طور پر ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا ۔ سرینواس راؤ نے 50 ہزار کی رشوت کی رقم راست حوالے کردی تھی۔ بعد ازاں بلڈر کو علم ہوا کہ وہ جس اراضی جس کا این او سی حاصل کرنا چاہتا تھا وہ پلاٹس سروے نمبر 243 میں نہیں ہیں لہذا اس نے تحصیلدار سے واپس طلب کی تھی۔ تحصیلدار نے 40 ہزار 14 اگسٹ کو اپنے خانگی ڈرائیور محمد عبدالسعید کے ذریعہ سرینواس راؤ کو واپس کئے ۔ بقایا 10 ہزار واپس کرنے سے قاصر رہا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحصیلدار اور اس کے خانگی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔