:نظام آباد میں سرکاری اراضی معاملہ ! :
محکمہ پولیس، ریونیو میں شکایتیں بے فیض، عدم کارروائی پر عوام میں شکوک و شبہات
سیاست کی خبر کا اثر
نظام آباد۔ 22 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد کے مستقر میں واقع دھرم پوری ہلز کے علاقہ میں واقع سروے نمبر 252 سروے نمبر میں واقع اراضی پر غیر مجاز طور پر لینڈ گرابرس قبضہ کرتے ہوئے یہاں پر موجودہ کسانوں کو جلیٹین کے ذریعہ دھماکہ کرتے ہوئے چٹانوں کو توڑنے کی روزنامہ سیاست میں خبرکی اشاعت کے بعد ضلع انتظامیہ حرکت میں آتے ہوئے آرڈی او نظام آباد راجندر کمار تحصیلدار نارتھ ناگرجنا حرکت میں آتے ہوئے متعلقہ اراضی کا سروے دوبارہ معائنہ کرتے ہوئے سرکاری زمین قرار دیتے ہوئے دوبارہ یہاں پر سائن بورڈ نصب کیا ہے ۔ تحصیلدار نارتھ ناگرجنا نے بتایا کہ خبروں کی اشاعت کے بعد انتظامیہ فوری حرکت میں آتے ہوئے غیر مجاز طور پر اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے یہاں پر سائن بورڈ نصب کیا ہے ۔ واضح رہے کہ دھرم پوری ہلز کے علاقہ میں سروے نمبر 249 میں جملہ 87 ایکر 33 گنٹہ ایکر اراضی ہے ۔ وقفہ وقفہ سے حکومت کی جانب سے یہاں پر بے گھر افراد کو مکان فراہم کرنے کیلئے پلاٹ دیا تھا ۔ آنجہانی ڈی سرینواس کے دور میں یہاں پر پلاٹ دیتے ہوئے حمال کالونی قائم کی تھی ۔ لیکن کئی افراد یہاں پر گھر بنانے سے قاصر رہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لینڈ گرابرس نے کئی خالی جگہوں پر قبضہ کیا ہے ۔ سروے نمبر 249 میں ریونیو کے علاوہ محکمہ جنگلات کی بھی اراضی واقع ہے اور یہ سارا علاقہ مضافاتی علاقہ میں واقع ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لینڈ گرابرس اراضی کو قبضہ کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں ۔ گذشتہ سال یہاں پر ہونے والے قبضوں کے خلاف ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے خبروں کی بنیاد پر تحصیلدار نارتھ نے 17؍ نومبر کو VIٹائون پولیس میں شکایت بھی کی تھی جس پر 13 افراد کیخلاف پولیس میں مقدمہ میں بھی درج کیا گیا لیکن آج تک بھی اراضی فروخت کرنے والے افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عوام میں شک و شبہات ظاہر ہورہے ہیں اس کے علاوہ دھرم پوری ہلز کے علاقہ میں ڈیویژن نمبر 12 اور 13 کے درمیان واقع رمضانی بابا درگاہ کی اراضی پر بھی غیر مجاز طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یہاں پر بائونڈری وال کو بنایا اور یہ علاقہ نارتھ تحصیلدار کے تحت ہے ۔ تحصیلدار کی جانب سے شکایتیں کرنے کے باوجود بھی پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ رمضان بابا درگاہ کی بائونڈ ری وال کو منہدم کرنے والے افراد کے خلاف بھی پولیس میں شکایت کی گئی لیکن یہ بھی مسئلہ پر ابھی تک زیر التواء ہے ۔ پولیس اور ریونیو کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے عوام میں کئی شک و شبہات ظاہر ہورہے ہیں ۔ پولیس اور ریونیو کی عدم کارکردگی کی وجہ سے لینڈ گرابرس کے حوصلہ بلند نظرآرہے ہیں کیونکہ لینڈ گربراس کے پیچھے ان کے سیاسی آقائوں کا ہاتھ ہے اس علاقہ میں واقع تمام سرکاری اراضی کے تحفظ کیلئے منصوبہ بند طریقہ سے ضلع کلکٹر ، پولیس کمشنر کی جانب سے اقدامات کرنے کا عوام کی جانب سے پرُ زور مطالبہ کیا جارہا ہے ۔