تحصیلدار کو زندہ جلانے کے واقعہ کی سخت مذمت

   

ایک عہدیدار پر راست حملہ بدبختانہ ، ڈاکٹر لکشمن کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن نے رنگاریڈی ڈسٹرکٹ میں عبداللہ پور میں نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے تحصیلدار وجیہ ریڈی کو زندہ جلانے کے واقعہ کی سخت مذمت کی ۔ ایک بیان میں ڈاکٹر لکشمن نے اس واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی عہدیدار شکایتوں کو نہیں سنتا ہے تو اعلیٰ عہدیدار ہوتے ہیں جن سے عوام ان کی شکایات کرسکتے ہیں لیکن کسی عہدیدار پر راست حملہ کرنا بدبختانہ ہے ۔ انہوں نے اس عہدیدار کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں اس طرح کے واقعات حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈس جگہ پر نہیں ہیں ۔ اصلاحات اراضی کے کام مکمل نہیں ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میںپاس بکس کی اجرائی نہیں ہوئی اور عوام اس کی وجہ بیزار ہیں جس کی وجہ عوام اور عہدیداروں دونوں کے لیے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ محکمہ ریونیو میں تبادلے اور ترقیوں پر جلد عمل درآمد کیا جائے کیوں کہ اس میں تاخیر کے باعث کئی مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے محکمہ مال کے عہدیداروں کو صبر و تحمل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا ۔۔