18 اکٹوبر کے بند کی تائید، گورنر سے نمائندگی اور احتجاجی پروگراموں کا اعلان
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ تحفظات دراصل بی سی طبقات کا حق ہے اور کوئی بھی پارٹی اُنھیں بھیک یا مہربانی نہیں کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کو اِس غلط فہمی سے اُبھرنا ہوگا کہ وہ تحفظات کے ذریعہ پسماندہ طبقات پر کوئی احسان کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سماجی انصاف پر مبنی سماج کی تشکیل کے لئے تحفظات ضروری ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ بی سی تحفظات کے حصول کے لئے پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ کی قیادت میں سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ کمیٹی سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں سے ملاقات کرتے ہوئے بی سی تحفظات کے حق میں فضاء ہموار کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض پارٹیاں تحفظات کے مسئلہ پر دوہرا موقف اختیار کررہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہائیکورٹ کی جانب سے حکم التواء کے بعد بعض پارٹیوں نے حکومت کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے اور بی سی طبقات سے ناانصافی کا ڈھونگ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز کے پاس زیرالتواء بلز کی منظوری کے لئے دباؤ بنانے کی جدوجہد کی جائے گی۔ بی سی تحفظات کے حق میں ریالی، دھرنا اور اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروفیسر ویشویشور راؤ نے کہاکہ سپریم کورٹ میں قانونی جدوجہد کے علاوہ 16 اکٹوبر کو گورنر جشنودیو ورما سے نمائندگی کی جائے گی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے 18 اکٹوبر کے ریاستی بند کی تائید کا اعلان کیا ہے جس کی اپیل پسماندہ طبقات کی تنظیم نے کی ہے۔1