حکومت نے دستوری اختیارات کا استعمال کیا، بی آر ایس قائدین کے بیانات افسوسناک
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے بی سی تحفظات کے مسئلہ پر سیاست نہ کرنے کی تمام پارٹیوں سے دردمندانہ اپیل کی ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ گزشتہ 45 برسوں میں پہلی مرتبہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا خواب پورا ہونے جارہا ہے، لہذا وہ تمام سیاسی پارٹیوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے ہیں کہ تحفظات کو سیاسی رنگ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے تحفظات کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے اس تاریخی فیصلہ کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ 42 فیصد تحفظات کا سیاسی پارٹیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور کانگریس نے سماجی انصاف کے نظریہ کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ بی آر ایس قائدین معلومات کی کمی کے باعث تحفظات کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ میں تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ تحفظات پر سیاست بند کر یں۔ تحفظات کے سلسلہ میں اسمبلی اور کابینہ میں سیر حاصل مباحث ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اختیار ہے کہ وہ آرڈیننس کے ذریعہ تحفظات فراہم کریں یا پھر دستور کے نویں شیڈول میں تحفظات کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دستور کے مطابق اپنے اختیارات کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن قائدین سے بھی اس سلسلہ میں مشاورت کی ہے۔ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے موقع پر آبادی کے مطابق حصہ داری کا وعدہ کیا تھا۔1