تحفظات کو بچانا ہو تو کانگریس کا مرکز میں اقتدار ضروری

   

بی آر ایس اور بی جے پی کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں، پدا پلی لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس اور بی جے پی کو عوام سے ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے کیونکہ گزشتہ 10 برسوں میں دونوں پارٹیوں نے تلنگانہ کے مفادات کو نظر انداز کر دیا۔ چیف منسٹر نے آج پدا پلی لوک سبھا حلقہ کے تحت دھرما پوری میں پارٹی امیدوار جی ومشی کرشنا کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نریندر مودی حکومت تلنگانہ کو فنڈس اور پراجکٹس الاٹ کرنے کے بجائے ’’گدھے کا انڈا‘‘ حوالے کیا ہے جو عوام کے ساتھ دھوکہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں ایک ہیں اور کانگریس کی ناکامی کی سازش کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پدا پلی لوک سبھا حلقہ میں کانگریس امیدوار کو دو لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ علاقہ میں بی آر ایس کا کوئی وجود باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کانگریس حکومت نے علاقہ کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے تھے۔ سابق اسپیکر سری پد راؤ منتھنی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس امیدوار کے ایشور نے ریاستی وزیر کی حیثیت سے علاقہ کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ ایک ناکام وزیر آج پارلیمنٹ کیلئے بی آر ایس کے امیدوار بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کے بعد تلنگانہ میں بی آر ایس کا وجود ختم ہوجائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ مودی حکومت نے پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے برسر اقتدار آنے پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آبادی کے اعتبار سے کمزور طبقات کو تحفظات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی دستور میں ترمیم کے ذریعہ ملک میں تحفظات کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ 400 نشستوں پر کامیابی کی اپیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کی صورت میں دلت ، گریجن اور او بی سی طبقات کے حقوق متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی تحفظات کو بچا سکتی ہے اور راہول گاندھی کا وزارت عظمیٰ پر فائز ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تحفظات کا حق حاصل کرنے کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ 10 برسوں تک اندراماں راج قائم رہے گا۔ انہوں نے 17 لوک سبھا حلقوں میں 14 پر کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ بی جے پی سے کانگریس کا مقابلہ ہے جبکہ بی آر ایس انتخابی مقابلہ میں نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے بعد میں اپل میں کانگریس امیدوار کے روڈ شو میں شرکت کی۔ 1