تحفظات کیلئے 50 فیصد کی حد کو برخاست کرنے سپریم کورٹ سے ریاستی حکومت کی درخواست

   

حیدرآباد : حکومت تلنگانہ نے سمجھا جاتا ہیکہ سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ 1993 کے اندرا ساہنی بمقابلہ یونین آف انڈیا کیسیس میں عدالت عظمیٰ کی رولنگ کے مطابق مقررہ تحفظات کیلئے بالائی حد 50 فیصد کو برخاست کردیا جائے اور تحفظات کے فیصد کا تعین کرنے کا معاملہ ریاستی مقننہ پر چھوڑ دیا جائے۔ حکومت کا یہ نظریہ ہیکہ ریاستوں کے مقننہ اداروں کو ہر ریاست میں پائی جانے والی صورتحال اور مخصوص وجوہات کو ملحوظ رکھتے ہوئے تحفظات کی تعداد کا تعین کرنے کی آزادی ہونی چاہئے۔ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہیکہ اندرا ساہنی فیصلہ پر سپریم کورٹ کی ایک وسیع بنچ کی جانب سے نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ 50 فیصد کی مقررہ حد پر نظرثانی کی جائے۔ حکومت کا احساس ہیکہ سپریم کورٹ کا نظریہ پوری طرح صحیح نہیں ہوسکتا ہے کیونکہ مختلف ریاستوں جیسے شمال مشرقی ریاستوں میں کئی خصوصی حالات ہوتے ہیں جہاں 50 فیصد سے زیادہ قبائیلیوں کی آبادی ہے یا دیگر چند ریاستوں میں او بی سی کمیونٹیز ہیں۔