تحفظات کے خلاف سپریم کورٹ فیصلہ کیلئے بی جے پی ذمہ دار

   

مجلس موسیٰ ندی اور کانگریس سمندر، رکن راجیہ سبھا ناصر حسین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا سید ناصر حسین نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی دلتوں اور اقلیتوں کے خلاف ہے اور 2014 ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد سے وہ دونوں طبقات کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناصر حسین نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی بھلائی کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ صرف سیاسی فائدے کے مسائل اور متنازعہ مسائل کو پیش کرتے ہوئے ووٹ بینک مضبوط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مودی دور حکومت میں کسی بھی شعبہ کی بھلائی نہیں ہوئی ناصر حسین نے کہا کہ بی جے پی قائدین نے دلتوں کو ہندوستانی شہری تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایس سی ، ایس ٹی تحفظات کے خلاف فیصلے کے لئے مرکزی حکومت ذمہ دار ہے۔ بی جے پی کے وکیل نے تحفظات کے خلاف بحث کی جس کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی تحفظات دستور کے تحت بنیادی حق نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی گزشتہ 70 برسوں سے ملک کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے خلاف پیش کردہ مرکزی حکومت کے بلز کی کانگریس پارٹی مخالفت کرے گی ۔ انہوں نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں تحفظات بل پر مباحث کا مطالبہ کیا ۔ ناصر حسین نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں کانگریس تحفظات کے حق میں جدوجہد کر رہی ہے۔ مودی دور حکومت میں ملک کی ترقی متاثر ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ روزگار کے مواقع کم ہوچکے ہیں۔ نئی صنعتیں اور سرمایہ کاری نہیں ہوپارہی ہے جس کے نتیجہ میں نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا۔ ملک کے حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے شہریت قانون اور این آر سی جیسے مسائل کو ہوا دی جارہی ہے ۔ مجلس کے صدر کی جانب سے کانگریس پر کی گئی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ مجلس ایک چھوٹی پارٹی ہے اور نیوز میں برقرار رہنے کیلئے اس طرح کے بیانات اور تبصرے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس موسیٰ ندی کی طرح ہے جبکہ کانگریس ایک سمندر ہے۔ چھوٹی جماعت کو سمندر جیسی پارٹی پر تنقید کا کوئی اخلاقی حق نہیں اور مجلس کے قائدین اس درجہ پر نہیں پہنچے کہ وہ کانگریس کو نشانہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور گھٹیا تبصروں پر وہ تبصرہ کرنا نہیں چاہتے ۔ ناصر حسین نے کہا کہ مجلس کس کے اشارہ پر کام کر رہی ہے، عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔