تحفظات کے خلاف موہن بھاگوت کے ریما رکس کی مذمت،ٹینک بنڈ پر کانگریس قائدین کا احتجاج

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست (سیاست نیوز) پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے آج آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے خلاف احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ تحفظات کے مسئلہ پر دوبارہ غور کرنے سے متعلق موہن بھاگوت کے بیان کے خلاف ٹینک بنڈ پر واقع مجسمہ امبیڈکر کے قریب احتجاج منظم کیا گیا ۔ پردیش کانگریس جنرل سکریٹری بی جڈسن نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس ہمیشہ ہی کمزور طبقات کے خلاف رہی ہے۔ آر ایس ایس نے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کے تحفظات کی ہمیشہ مخالفت کی۔ تحفظات کے خاتمہ کے ذریعہ اعلیٰ طبقات کا تسلط قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 70 سال گزرنے کے باوجود آج بھی ملک کی اقلیتیں اور کمزور طبقات تعلیمی اور معاشی میدان میں پسماندہ ہیں ۔