تحفظات کے مسئلہ پر ڈاکٹر لکشمن کو کھلے مباحث کا چیلنج

   

اتم کمار ریڈی پر تنقید کی مذمت، ملوروی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/15 فبروری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر ملوروی نے تحفظات کے مسئلہ پر بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن کو مباحث کا چیالنج کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملوروی نے ڈاکٹر لکشمن کو مشورہ دیا کہ وہ بیان بازی سے پہلے تاریخ کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صدر تاریخ سے واقفیت کے بغیر تحفظات اور دیگر اُمور پر اظہار خیال کررہے ہیں۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل اگرچہ کانگریس کے قائد تھے لیکن بی جے پی انہیں اپنے قائد کے طور پر پیش کررہی ہے جو شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو دستور کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی جس کے نتیجہ میں کمزور طبقات اور پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات یقینی ہوسکے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے فراہم کردہ تحفظات کے سبب آج ڈاکٹر لکشمن بی جے پی کے صدر کی حیثیت سے برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72 برسوں میں پسماندہ طبقات کو تحفظات کے فوائد حاصل ہوئے جس کا سہرا کانگریس پارٹی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی پر تنقید کرنے کا ڈاکٹر لکشمن کو کوئی حق نہیں وہ ابھی اُس معیار تک نہیں پہنچے کہ پی سی سی صدر کو تنقید کا نشانہ بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی پہلے اپنی حالت کا جائزہ لے۔ لکشمن کو پارٹی کے موقف کے بارے میں کچھ زیادہ ہی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے تحفظات کے مسئلہ پر ڈاکٹر لکشمن کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا اور کہا کہ تاریخ و مقام کا تعین خود ڈاکٹر لکشمن کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے اتم کمار ریڈی کو مباحث کی دعوت دی ۔ اس سے پہلے انہیں مجھ سے مباحث میں حصہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو ریویو پٹیشن دائر کرنا چاہیئے۔