تحفظات کے مسئلہ پر کانگریس ریویو پیٹیشن دائر کرے گی

   

مخالف تحفظات فیصلہ کے لئے مرکز ذمہ داری، سمپت کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔11۔ فروری (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار نے تحفظات کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے تحفظات کے مسئلہ پر سپریم کورٹ سے مداخلت کی اپیل کی جس کے نتیجہ میں یہ فیصلہ دیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ریویو پیٹیشن دائر کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے دستوری حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔ دستور میں تحفظات کی گنجائش موجود ہے لیکن عدالت نے تحفظات کو دستوری حق تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کا واحد ایجنڈہ تحفظات کا خاتمہ ہے۔ کمزور طبقات کے تحفظات ختم کرنے کیلئے دونوں پارٹیاں سازش کر رہی ہیں۔ سمپت کمارنے کہا کہ بی جے پی کو دستور کی پرواہ نہیں اور وہ سپریم کورٹ کی آڑ میں تحفظات کے خلاف فیصلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد اور درج فہرست قبائل کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک دونوں طبقات تحفظات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست اقوام کی زمرہ بندی کا طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن مرکز اور ریاستی حکومتوں نے تیقن کے باوجود زمرہ بندی نہیں کی ۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس تحفظات کے مسئلہ پر سیاسی کھیل کھیل رہی ہے۔ سمپت کمار نے اعلان کیا کہ 17 فروری کو حیدرآباد میں احتجاج منظم کیا جائے گا تاکہ مرکز کی جانب سے تحفظات کی برخواستگی کی سازش کو ناکام بنایا جاسکے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی اور او بی سی ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے احتجاجی پروگرام کو قطعیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کا خاتمہ غیر دستوری ہے اور ملک میں بے چینی پھیل جائے گی۔