تحفظات کے مسئلہ پر گریجن طبقات سے دھوکہ دہی کا الزام: اتم کمار ریڈی

   

پارلیمنٹ میں اٹھائے گئے سوال پر ہریش راؤ کی تنقید افسوسناک

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تحفظات کے مسئلہ پر گریجن طبقات کو ٹی آر ایس اور بی جے پی نے یکساں طور پر دھوکہ دیا ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں گریجن طبقات کو دونوں پارٹیوں کی دھوکہ دہی کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس ہریش راؤ نے ان کے بارے میں جو ریمارکس کئے ہیں وہ مناسب نہیں ہیں۔ گریجن طبقات کیلئے 12 فیصد تحفظات کے حق میں اسمبلی میں متفقہ طور پر بل منظور کیا گیا۔ بل کی منظوری کے وقت ایوان میں حاضری یا غیر حاضری سے درکنار بل کی منظوری کے بعد جو کچھ بھی ہوا میں اچھی طرح جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں منظورہ قرارداد مرکزی حکومت نے وصول ہونے سے انکار کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے گریجن تحفظات کے بارے میں پارلیمنٹ میں سوال کیا تھا جس پر ہریش راؤ نے کہا کہ یہ انتہائی فضول قسم کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم مسئلہ پر مرکز کا موقف جاننے کیلئے کئے گئے سوال پر ہریش راؤ کی تنقید افسوسناک ہے۔ دراصل اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ہریش راؤ اس طرح کے بیان دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تحفظات میں اضافہ کے حق میں اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کو تحفظات میں اضافہ سے دلچسپی نہیں ہے لہذا صرف بل کی روانگی پر اکتفاء کیا گیا۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ تحفظات کے مسئلہ پر خاموشی کی وجوہات بیان کرے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ کانگریس دور حکومت میں گریجن طبقات کو اراضیات فراہم کی گئی تھیں لیکن ٹی آر ایس حکومت نے انہیں جبراً حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد جنگلاتی اراضی کے نام پر قبائیلی طبقات کو زرعی اراضیات سے محروم کردیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تحفظات کے مسئلہ پر حکومت کی غیر سنجیدگی کا اظہار پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کے جواب سے ہوا ہے۔ر