پولیس نے موت کی تردید کی ۔ رشتہ داروں کا دھرنا و ہنگامہ
حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس اسٹیشن میں آج اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک روڈی شیٹر کی پولیس تحویل میں موت کی اطلاع پر اس کے برہم رشتہ داروں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کردی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی روڈی شیٹر عبدالسمیر اور اس کے بھائی عبدالکلیم کو 3 دن قبل ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم کے عملہ نے ایک کیس کی تحقیقات میں حراست میں لیا تھا اور ان کی تفتیش کی جارہی تھی ۔ روڈی شیٹر سمیر کے ارکان خاندان نے آج رات دیر گئے حبیب نگر پولیس اسٹیشن پہونچ کر سمیر کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن مقامی پولیس اسٹیشن میں دونوں کی ٹاسک فورس تحویل میں ہونے کی اطلاع نہیں تھی اور پولیس کے غیراطمینان جواب دینے پر سمیر کے تمام رشتہ داروں نے پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی شروع کردی اور بعد ازاں وہاں پر توڑ پھوڑ مچائی ۔ اس واقعہ کے بعد حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے قریب کشیدگی پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں نائیٹ ڈیوٹی پر موجود اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ تروپت انا پولیس اسٹیشن حبیب نگر پہونچ گئے اور کوئیک ری ایکشن ٹیم کو طلب کرلیا گیا ۔ سمیر کے تمام ارکان خاندان نے پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا شروع کردیا جس کے بعد کئی مقامی افراد وہاں جمع ہوگئے ۔ اسی دوران پولیس کے عہدیداروں نے ٹاسک فورس پولیس کے انسپکٹر ویسٹ زون گٹوملو سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے عبدالسمیر اور عبدالکلیم سے ان کے والدین سے فون پر بات کروائی ۔
