تخلیقی ذہن کے مالک ماجد علی کا تجربہ کامیاب

   

بار بار بجلی منقطع ہونے پر ’’بائیک گرنی‘‘ کی ایجاد ، عوام کی دہلیز پر گرنی کی سہولت

حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) ہر انسان میں کوئی نہ کوئی غیرمعمولی خوبی یا ہنر ہوتا ہے، لیکن اُسے پہچان کر اس کا فائدہ مند استعمال بہت کم لوگ ہی کر پاتے ہیں۔ ایسے ہی تخلیقی ذہن کے مالک ایک نوجوان نے دیہی علاقوں میں بار بار برقی سربراہی منقطع ہوجانے پر روزمرہ کے ضروری کاموں میں رکاوٹیں پیدا ہونے کے مسئلہ کو دور کرتے ہوئے ایک نئی ایجاد کی ہے۔ ہم بات کررہے ہیں ضلع کمرم بھیم آصف آباد میں واقع بازار واڑی رحمت نگر کے رہنے والے سید ماجد علی جو ایک گرنی چلاتے ہیں۔ بار بار بجلی بند ہوجانے کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے پہونچنے والے عوام کو لمبا انتظار کرنا پڑتا تھا جس کے سبب ماجد علی نے عوام کو ان کے گھروں کے پاس ہی جاکر آٹے کی گرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا۔ ماجد علی جو پہلے پیشہ سے بائیک میکانک تھے، جس کا انہیں کافی تجربہ تھا چنانچہ ماجد علی نے اپنی بائیک کی سیٹ نکال کر وہاں گرنی نصب کرتے ہوئے اسے بائیک کے پچھلے ٹائر سے بیلٹ کو جوڑ دیا۔ اس تخلیقی کام کی گاہک اور عوام خوب تعریف کررہے ہیں۔ ماجد علی اپنی اس ’’گرنی بائیک‘‘ کو گاؤں گاؤں گھماتے ہوئے عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر آٹا اور دالیں پسوانے کی سہولت فراہم کی۔ اس سے عوام کا وقت بھی بچ رہا ہے اور برقی منقطع ہونے سے کوئی پریشانی بھی نہیں ہورہی ہے۔ ماجد علی گزشتہ سال ٹریکٹر پر اس کا تجربہ کیا تھا ۔ اس تجربے پر خرچہ زیادہ آنے کی وجہ سے انہوں نے یہ تجربہ بائیک پر کیا۔ 2