ممبئی: کورونا وائرس کے سبب ہوئی اموات کے بعد لاشوں کی تدفین کے لیے پونے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ” تدفین ٹینڈر ” کی اخبارات میں اشاعت کے بعد اس معاملے میں شدید عوامی احتجاج اور کورونا کے باعث فوت ہونے والوں کی بلا لحاظ مذہب و ملت اور بلا معاوضہ خدمات انجام دینے والی تنظیم ” مل نواسی مسلم منچ ” کی جانب سے مذمت کے اور میونسپل کارپوریشن کے سامنے دھرنا دینے کے بعد بالاخر اس ٹینڈر کو منسوخ کر دیا ہے ۔اس ضمن میں ” مل نواسی مسلم منچ ” کے صدر انجم انعمدار نے اسے انسانیت کی جیت قرار دیتے یوئے یو این آئی کو بتایا کہ ، ہم شروع سے ایسی لاشوں کی تدفین بلا معاوضہ اور صرف انسانیت اور محبت کو باقی رکھنے کے لیے بلا لحاظ مذہب و ملت یہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ” تدفین ٹینڈر ” منگوائے گئے جو تعجب خیز اور لاشوں کو کمائی کا ذریعہ بنانے کے مترادف ہے ۔ اس پر ہم نے شدید احتجاج کیا ، جس پر میونسپل کارپوریشن نے یہ ٹینڈر منسوخ کرے کے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے ۔ انجم انعمدار کے مطابق ہم نے کمشنر چندرشیکھر گائیکواڑ سے ملاقات کر کے یہ واضح کیا کہ جب مول نواسی مسلم منچ کی جانب سے مفت میں یہ کام کیا جا رہا ہے تو وہ اس کے لئے کیوں ادائیگی کرنا چاہتے ہیں اور عوامی ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر انھیں اپنی غلطی کا احساس ہوا اور یہ ٹنڈر منسوخ کر دیا گیا۔انجم انعمدار نے بتایا کہ کرسچن چیریبل ٹرسٹ کے صدر ساگئ نیئر کی رہنمائی میں تدفین کے ٹینڈر نظام کو منسوخ کرنے کے مطالبے کے تحت کیے گئے احتجاجی مظاہرہ کانگریس کے صدر مسٹر رمیش باغوی،کارپوریٹرز اروند جی شنڈے ،رفیق شیخ، حاجی نداف،این سی پی رہنما اقبال شیخ ، راہول خودے ،وِتھل گائکواڑے اور دوسری سماجی تنظیمیں کا تعاون حاصل رہا۔