نوجوانوں اور سکیوریٹی افواج کے درمیان جھڑپیں
سری نگر، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال کے بران پتری جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے جائے تصادم سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی ہے تاہم مہلوک کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم ہونا ابھی باقی ہے ۔ قبل ازیں جنگجوؤں کے چھپنے کی ثقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 42 آر آر، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی صبح ہی بران پتری جنگلات کو محاصرہ میں لے کر جنگجوؤں کی تلاش شروع کی تھی۔ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی تلاشی کرنے والی ٹیم جنگجوؤں کے نزدیک پہنچی تو انہوں نے ٹیم پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم آرائی چھڑ گئی۔ دریں اثنا جموں کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ترال کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ جائے تصادم آرائی سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی ہے اور اس کے علاوہ کچھ قابل اعتراض مواد بشمول ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جاری ہے ۔ ادھر جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم آرائی شروع ہونے کی خبر پھیلتے ہی ترال میں نوجوانوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ترال کے بس اڈے میں تعینات سیکورٹی فورسزپر نوجوانوں نے پتھراؤ کیا فورسز نے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کے لئے اشک آور گیس اور پلٹ کے گولے داغے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک طرفین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔