ریاض ، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس وبا جاری رہے تو رمضان المبارک کے دوران تراویح اور پھر نماز عید الفطر گھروں میں ہی ادا کرنا چاہئے۔ سعودیہ کے اخبار عکاظ نے جمعہ کو رپورٹ دی کہ سلطنت میں اعلیـ ترین مذہبی اتھارٹی مفتی اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ رمضان میں تراویخ کی نمازیں گھر میں ادا کی جاسکتی ہیں کیونکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جاری احتیاطی اقدامات کے سبب یہ نمازیں مساجد میں ادا نہیں کی جاسکتی ہیں۔ مقدس ماہ رمضان آئندہ ہفتے شروع ہورہا ہے۔ سعودی عرب نے وسط مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششوں کے تحت مساجد میں روزانہ کی پانچ نمازوں اور نماز جمعہ کی بھی ادائیگی سے عوام کو روک رکھا ہے۔ جمعرات کو مدینہ منورہ کی مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے تعلق سے حکام نے کہا کہ مسجد میں افطار وغیرہ کے اہتمام پر امتناع عائد کیا جارہا ہے۔ سعودی سلطنت میں کووڈ۔19 کے 6,380 کیس سامنے آئے ہیں، جو نئے کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والا نہایت متعدی تنفسی مرض ہے۔ ابھی تک 83 اموات پیش آئی ہیں۔
