تربیتی پروگرام میں شرکت سے گریز کے خلاف 9 اساتذہ معطل

   

حیدرآباد۔یکم جنوری، ( سیاست نیوز) ضلع محبوب نگر میں ٹریننگ پروگرام میں شرکت کرنے سے گریز کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سے مبینہ غفلت و لاپرواہی برتنے پر 9اساتذہ کو خدمات سے معطل کردیئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع محبوب نگر میں6 مرکز میں اساتذہ کیلئے دوسرے مرحلہ کے تحت شروع ہوئی ’’ نشٹھا ٹریننگ ‘‘ پروگرام کا گذشتہ دن ضلع کلکٹر محبوب نگر مسٹر رونالڈ روز نے اچانک دورہ کرکے معائنہ کیا۔ اس موقع پر نصف سے زائد تعداد میں اساتذہ غیر حاضر رہنے کی وجہ سے ضلع کلکٹر نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور برسر موقع وہاں پر موجود ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ضلع محبوب نگر شریمتی اوشا رانی کو غیر حاضر اساتذہ کے خلاف فی الفور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی اور ان ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ضلع محبوب نگر شریمتی اوشا رانی نے مذکورہ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کرنے سے مبینہ غفلت و لاپرواہی برتنے والے 9 اساتذہ کو خدمات سے معطل کردینے کے احکامات جاری کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔